ہوناور،17 / فروری (ایس او نیوز) ایک زمانے میں ضلع شمالی کینرا کی سیاست پر مضبوط پکڑ رکھنے والی کانگریسی لیڈر اور سابق گورنر مارگریٹ آلوا ایک عرصہ بعد اپنے بیٹے نویدیت آلوا کو سیاسی اکھاڑے میں اتارنے کے لئے پھر سے سیاسی منظر نامہ میں سامنے آئی ہیں ۔
مارگریٹ آلوا شمالی کینرا سے رکن پارلیمان، مرکزی وزیر اور پھر اس کے بعد گورنر کے منصب پر فائز رہ چکی ہیں ۔ دو مرتبہ پارلیمانی الیکشن ہارنے کے بعد انہوں نے ضلع کی سیاست سے عملاً دوری اختیار کر رکھی تھی ۔ سیاسی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ ضلع کے سینئر ترین سیاست داں آر وی دیشپانڈے اور ان کے بیچ سیاسی قد آوری کے مسئلہ پر ٹھن گئی تھی اور دیشپانڈے گروپ کے سامنے مارگریٹ کی دال نہیں گل پا رہی تھی جس کی وجہ سے ضلع کی سیاست میں ان کے بڑھتے قدم روکنے کی چالیں چلی گئیں ۔ مارگریٹ نے اپنے بیٹے نویدیت آلوا کو اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات میں امیدوار بنانے کی پوری کوشش کی مگر انہیں کامیابی نہیں ملی ۔ اور بالآخر مارگریٹ نے ضلع کی طرف سے منھ پھیر لیا ۔
اب ریاستی اسمبلی الیکشن کی ہوائیں چلنی شروع ہوئی تو پھر ایک بار نویدیت آلوا کو کسی بھی حالت میں ہوناور - کمٹہ حلقہ سے میدان میں اتارنے کے لئے مارگریٹ نے تیاری شروع کی ہے ۔ کمٹہ تعلقہ کے مرجان میں منعقدہ کانگریس کی کراولی پرجا دھونی اجلاس میں مارگریٹ آلوا کی شرکت سے اس کا صاف اشارہ مل رہا ہے ۔ اس کے علاوہ نویدیت آلوا نے بھی کمٹہ - ہوناور اسمبلی حلقہ میں مقامی سیاسی لیڈروں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے اپنی موجودگی کا احساس دلانے میں مصروف ہے ۔
مارگریٹ نے اپنے بیٹے کے لئے سیاسی راہ ہموار کرنے کے مقصد سے ووٹروں کے سامنے پہلی پیشکش کے طور پر کہا ہے کہ ان کے پاس اقتدار رہے یا نہ رہے وہ اس علاقے کے لئے ضروری ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل قائم کرکے ہی دم لیں گی ۔ میں رکن پارلیمان نہیں ہوں ۔ مرکز اور ریاست میں ہماری حکومت نہیں ہے ۔ لیکن میں آپ سے وعدہ کرتی ہوں کہ ایک نجی ہاسپٹل کمٹہ میں ضروری قائم کروں گی ۔ ہمارے ہاتھ میں اقتدار نہیں ہے تو کیا ہوا عوام کا پیار ہمارے ساتھ ہے ۔ میں جو وعدہ کر رہی ہوں اسے پورا کرکے رہونگی ۔
مارگریٹ نے اس موقع پر ماضی میں انہیں الیکشن میں شکست سے دوچار کیے جانے کا شکوہ بھی کیا اور کہا کہ جو رکن پارلیمان عوام کے مسائل نہیں اٹھا سکتا اسے آپ لوگوں نے جیت دلائی اور مجھے شکست سے ہمکنار کیا ۔ پتہ نہیں ہمارے لوگوں کو الیکشن کے دوران کیا ہوجاتا ہے ۔
ضلع کے عوام اب مارگریٹ آلوا کی اس پیشکش اور نئی اینٹری کو کیسے دیکھتے ہیں اور مارگریٹ کس حد اپنے نئے مشن میں کامیاب رہتی ہیں ، اس کے اشارے آنے والے دنوں میں دیکھنے کو ملیں گے ۔